بلوچستان کے شہر
حب کے علاقے وندر میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف شہریوں نے ریلی نکالی اور
نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر نبی کریم ﷺ کی شان میں
گستاخی کی جارہی ہے، جو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری
اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھے اور مقابلے کو رکوائے، ورنہ حالات خراب ہوسکتے ہیں۔
پشاور میں ضلع
کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرارداد منظور کرلی
گئی۔ ضلع کونسل اراکین نے احتجاج کرتے ہوئے ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا
مطالبہ کیا۔
بہاولنگر میں آل ڈیپارٹمنٹ
اور ایپکا یونین کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ لاہور میں بھی جامعہ نعیمیہ کے طلبا نے لاہور
پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت جامعہ نعیمیہ کے سربراہ ڈاکٹر راغب نعیمی
نے کی۔ فیروزوالہ میں شاہدرہ چوک پر تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنان نے ہالینڈ
میں نبی کریم ﷺ کے خلاف شائع ہونے والے خاکوں کے خلاف احتجاج کیا۔
ادھر مذہبی
جماعتوں کی جانب سے لاہور میں داتا دربار سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کیا جارہا
ہے۔ منتظمین کے مطابق لانگ مارچ میں شرکا
جزبہ ایمانی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے تحت شرکت کر رہے ہیں کہ ناموس
رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لیے سب کچھ قربان کریں گے ۔ ترجمان کا کہنا
تھا کہ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے
جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، یہ مقابلے کروانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کی اسلام مخالف
جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے متنازع رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ
خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا۔ پاکستان نے 20 اگست کو گستاخانہ
خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب
کرکے شدید احتجاج بھی کیا تھا
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں